ایران؛ حکومت مخالف احتجاج کے دوران گرفتار 21 سالہ کراٹے چیمپئن کو پھانسی دیدی گئی

ایران میں گزشتہ برس حکومت مخالف پُرتشدد احتجاج پر سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا گیا تھا


ویب ڈیسک April 30, 2026
ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران 21 سالہ کراٹے چیمپئن کو گرفتار کیا گیا تھا

ایرانی عدلیہ کے فیصلے کی تعمیل میں 21 سالہ ساسان آزادوار جونغانی کو پھانسی دیدی گئی۔

ایران کی سپریم کورٹ کی ویب سائٹ میزان پر دستیاب معلومات کے مطابق 21 سالہ نوجوان کو اصفہان سے احتجاجی مظاہروں کے دوران جنوری میں گرفتار کیا گیا تھا۔

نوجوان پر الزام تھا کہ اس نے احتجاجی مظاہروں کے دوران سیکیورٹی افسران کی بس پر ڈنڈے برسائے، شیشیے توڑے اور افسران پر پتھراؤ بھی کیا تھا۔

21 سالہ نوجوان کو پھانسی دینے کا فیصلہ سناتے ہوئے ایرانی عدلیہ کا کہنا تھا کہ رواں برس جنوری میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کا مقصد اسلامی حکومت کا ’تختہ اُلٹنا‘ تھا۔

ساسان آزادوار جونغانی کو سزائے موت اصفہان کی عدالت نے سنائی تھی جس کے بعد سپریم کورٹ نے بھی اس سزا کو برقرار رکھا تھا۔ جس کے بعد آج سزا پر عمل درآمد کردیا گیا۔

دوسری جانب وکلا کہنا ہے کہ اگر اس نوجوان نے جرم کا اعتراف بھی کیا تھا، تب بھی اس نے کسی ہتھیار کا استعمال نہیں کیا تھا اور نہ کسی کو جانی نقصان پہنچایا تھا۔