صیہونی ریاست کے حملوں کے جواب میں حزب اللہ نے لبنان میں اسرائیلی فوج پر ڈرون حملہ کیا جس میں ایک اہلکار مارا گیا جب کہ ایک شدید زخمی حالت میں زندگی و موت کی کشمکش میں ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان میں حزب اللہ کے حملے میں مارے گئے اسرائیلی فوجی کی شناخت 19 سالہ سارجنٹ لیئم بین ہمو کے نام سے ہوئی ہے۔
زخمی اہلکار کو قریبی اسپتال میں فوری طبی امداد کے بعد اسرائیل لے جایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ دونوں اہلکار گولانی بریگیڈ کی 13ویں بٹالین کا حصہ تھے۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ ایک دوسرے حملے میں حزب اللہ کا ڈرون فوجی گاڑی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 12 فوجی زخمی ہوئے تھے۔ یہ حملہ لبنان سے کیا گیا تھا۔
دوسری جانب لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ کے حملوں میں کم از کم 9 افراد ہلاک ہوئے جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔