لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں گھر میں ہونے والی ڈکیتی کا معمہ پولیس نے حل کرتے ہوئے بہن سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جس کا مقدمہ مالک کی مدعیت میں درج کر کے پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا۔
پولیس کے مطابق ڈکیتی کے کیس میں رشتے دار ہی ماسٹر مائنڈ نکلی جس نے اپنے 2 ساتھیوں کے ساتھ ملکر واردات انجام دیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان کے مطابق جامع تفتیش کے دوران متاثرہ خاتون کے قریبی رشتہ دار کا رویہ مشکوک پایا گیا، دورانِ انکوائری متاثرہ خاتون کی نند انعم شہزادی واردات کی ماسٹر مائنڈ ثابت ہوئی۔
ملزمہ نے اپنے ساتھیوں کو بلا کر خود اپنے بھائی کے گھر رابری کروائی، ملزمہ کی نشاندہی پر واردات میں ملوث دونوں ملزمان کو ٹریس کر کے، گرفتار کر لیا گیا، جن سے لوٹا ہوا سامان بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسحلہ بھی برآمد کر لیا گیا جبکہ ملزمان کی شناخت انعم شہزادی، اشرف علی اور قاسم علی کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس نے اس کیس کو 8 گھنٹے کے اندر حل کر کے ملزمان کو گرفتار اور سامان برآمد کر کے ملزمان کو انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بروقت کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور کہاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے، لاہور پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف متحرک ہے۔