کراچی؛ میڈیا ٹاؤن میں سولر لائٹس کی چوری پر صحافیوں کا شدید تشویش کا اظہار

میڈیا ٹاؤن میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے، پریس کلب کے عہدیداروں کا مطالبہ



کراچی:

ہاکس بے میں واقع میڈیا ٹاؤن میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، جس پر صحافیوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔

حالیہ واقعے میں نامعلوم چور سوسائٹی میں نصب سولر لائٹس کے پول کاٹ کر لے گئے ہیں، جو نہ صرف حیران کن بلکہ سیکیورٹی کے حوالے سے بڑا سوالیہ نشان ہے۔

صحافیوں کے مطابق میڈیا ٹاؤن میں نصب کیے گئے سولر لائٹس کے پینلز اور پولز سابقہ وزیراعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایات پر لگائے گئے تھے تاکہ علاقے میں روشنی اور سیکیورٹی کو بہتر بنایا جا سکے، تاہم اب انہیں تنصیبات کا چوری ہو جانا انتظامی غفلت کو ظاہر کرتا ہے۔

میڈیا ٹاؤن کے رہائشی صحافیوں کے مطابق رات کے اوقات میں اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے باعث جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے، جس کی وجہ سے ڈکیتی، چوری اور دیگر وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور پولیس کے گشت میں اضافہ کیا جائے۔

صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک صورتحال ہے کہ صحافیوں کی سوسائٹی بھی جرائم پیشہ افراد سے محفوظ نہیں۔ سولر لائٹس کے پول کاٹ کر لے جانا انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی ناکامی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے اور میڈیا ٹاؤن میں مستقل بنیادوں پر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ ہم متعدد بار متعلقہ حکام کو سیکیورٹی کے مسائل سے آگاہ کر چکے ہیں، مگر کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ اب صورتحال اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ سرکاری تنصیبات بھی محفوظ نہیں رہیں۔

انہوں نے وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار، کراچی پولیس چیف اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ میڈیا ٹاؤن میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے، ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور علاقے میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔