آئی پی ایل فرنچائز راجستھان رائلز کی فروخت کے حوالے سے بڑا تنازع سامنے آ گیا۔
تفصیلات کے مطابق راجستھان رائلز کی ملکیت کے حوالے سے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
لکشمی متل، ادتیا متل اور ادار پوناوالا پر مشتمل کنسورشیم نے ٹیم اور اس کی سسٹر فرنچائزز کے حصول کا حتمی معاہدہ تو کرلیا ہے تاہم اب اس میں نئی مشکل کھڑی ہوگئی ہے۔
کال سومانی کی زیر قیادت امریکا میں قائم ایک گروپ اس ڈیل کو عدالت میں چیلنج کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس گروپ نے قانونی اور میڈیا حکمت عملی پر مشاورت شروع کر دی ہے اور جلد باضابطہ قانونی نوٹس جاری کیے جا سکتے ہیں۔
اس سے قبل اس گروپ میں معروف سرمایہ کار بھی شامل تھے اور اب اس تنازع میں بی سی سی آئی کی جانب سے مداخلت کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔
واضح رہے کہ اس معاہدے کے تحت ٹیم کی مجموعی مالیت 1.65 ارب ڈالر (تقریباً 15 ہزار 660 کروڑ بھارتی روپے) مقرر کی گئی ہے۔
معاہدے کے مطابق مِتّل خاندان 75 فیصد حصص کا مالک ہوگا جبکہ ادار پوناوالا کے پاس 18 فیصد شیئر ہوں گے۔ باقی 7 فیصد حصص موجودہ شیئر ہولڈرز، بشمول بانی منوج بدالے کے پاس رہیں گے۔