اسلام آباد:
رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ ( جولائی تا اپریل) میں تجارتی خسارے میں 20.28 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 43.50 فیصد تک کا نمایاں اضافہ ہوگیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق خسارے میں اضافے کی بڑی وجہ برآمدات میں کمی اور درآمدی بل میں مسلسل اضافہ ہے، رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں تجارتی خسارہ بڑھ کر تقریباً 32 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 5 ارب 49 کروڑ ڈالر زیادہ ہے، برآمدات 6.25 فیصد کمی کے ساتھ 25.10 ارب ڈالر تک محدود رہیں جبکہ درآمدات 7.85 فیصد اضافے سے 57 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں اگرچہ اپریل میں برآمدات میں 9.50 فیصد کی بہتری دیکھی گئی تاہم اسی ماہ درآمدی بل میں 28 فیصد سے زائد اضافے نے تجارتی خسارے کے بوجھ کو مزید بڑھا دیا۔
رواں مالی سال 2025-26ء کے پہلے 10 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل ایکسپورٹس میں صرف 22 کروڑ ڈالر اضافہ ہوا جبکہ جولائی 2025 سے اپریل 2026 تک ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 15 ارب ڈالر سے زائد رہا۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا اپریل ٹیکسٹائل برآمدات میں ایک اعشاریہ چار آٹھ فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل برآمدات کاحجم 14 ارب 85 کروڑ ڈالر تھا۔
گزشتہ مالی سال کی بہ نسبت ماہانہ بنیاد پر ٹیکسٹائل برآمدات میں 22 اعشاریہ 8 فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق اپریل میں ٹیکسٹائل برآمدات تقریباً ایک اعشاریہ پانچ ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں گزشتہ سال اپریل میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹس کا حجم 1 اعشاریہ 2 ارب ڈالر تھا۔