آبنائے ہرمز عالمی گزرگاہ ہے ایران کو ٹیکس وصول کرنے نہیں دیں گے، امریکی وزیر جنگ

ایران کے سوا کسی اور ملک کیلیے رکاوٹیں کھڑی نہیں کریں گے، امریکی وزیر دفاع


ویب ڈیسک May 05, 2026
صدر ٹرمپ اور وزیر دفاع نے ایران میں پھنسے اپنے پائلٹس کو نکالنے کے آپریشن بتادیا

امریکی وزیر دفاع اور جنگ پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ ہمارا ایران کے سوا کسی اور ملک کے لیے رکاوٹیں کھڑی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ امریکا کے بحری جہاز خطے میں موجود ہیں لیکن امریکی فورسز کو آبنائے ہرمز یا ایرانی سمندری حدود میں جانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

انھوں نے اعلان کیا کہ آبنائے ہرمز پر ایرانی بحریہ کی ناکہ بندی اور ایرانی بندرگاہوں کا گھیراؤ جاری رہے گا تاہم ایران کے سوا کسی اور ملک کے بحری جہازوں کے لیے رکاوٹیں کھڑی نہیں کریں گے۔ 

پیٹ ہیگستھ کے بقول ایران نے ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی، جس پر ایران سے آنے والے 6 جہازوں کو واپس بھیج دیا ہے علاقے میں موجود امریکی جہازوں کو سیکڑوں جہازوں کی معاونت حاصل ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ  آبنائے ہرمز عالمی گزرگاہ ہے جس میں ایران کو ٹیکس وصول کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ چوبیس گھنٹے نگرانی کی جاری ہے۔

ہم آبنائے ہرمز میں پھنسے سیکڑوں بحری جہازوں، شپنگ کمپنیوں اور انشورنس فرموں کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ انہیں وہاں سے نکالا جا سکے۔

وزیر دفاع و جنگ نے بتایا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز کے خطرے کو کم کردیا ہے۔ فریڈم پراجیکٹ کا منصوبہ دفاعی ہے۔ ہم لڑنا نہیں چاہتے۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ امریکا سے زیادہ دنیا کو آبنائے ہرمز کی ضرورت ہے۔

پیٹ ہیگستھ نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں سمندری ٹریفک کو روکنے کو ’بین الاقوامی بھتہ خوری کی شکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہے۔

وزیر دفاع نے فخریہ انداز میں بتایا کہ گزشتہ روز دو امریکی تجارتی جہاز بحفاظت آبنائے ہرمز سے گزرے یعنی راستہ صاف ہے اور ایران شرمندہ ہے کہ انھیں روک نہ پایا۔