آبنائے ہرمز میں حملے کرکے ایران راکھ میں چنگاری لگا رہا ہے؛ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف

ایران آبنائے ہرمز پر 2 تجارتی جہازوں کو قبضے میں اور 9 تجارتی جہازوں پر حملے کرچکا ہے، جنرل ڈین کین


ویب ڈیسک May 05, 2026
امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین نے وزیردفاع کے ساتھ پریس کانفرنس کی

امریکا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے وزیر دفاع و جنگ پیٹ ہیگستھ کے ساتھ مشترکہ پریس بریفنگ میں ایران جنگ پر تفصیلی گفتگو کی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل ڈین کین نے کہا کہ ایران اپنے ہمسائیہ ممالک کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے جب کہ آبنائے ہرمز پر 2 تجارتی جہازوں کو قبضے میں لے لیا اور 9 تجارتی جہازوں پر حملے کرچکا ہے۔

امریکی جنرل نے مزید کہا کہ ایران تیل کی سپلائی میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے اور عالمی معیشت کو یرغمال بنا رہا ہے۔ اس لیے ہم نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی مدد کے لیے آپریشن فریڈم کا آغاز کیا ہے۔

جس کا مقصد خلیج میں پھنسے  22 ہزار 500 سے زائد ملاح اور متعدد تجارتی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے بحفاظت نکالنا ہے۔ آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہاز سمندر اور فضا میں امریکہ کی طاقت کو محسوس کریں گے۔

جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے بتایا کہ ہم نے کل آبنائے ہرمز میں ایران کے حملوں کا سامنا کیا جب اُس نے کمرشل بحری جہازوں پر 9 بار فائرنگ کی۔ جواب میں ہمارے ڈسٹرائرز نے ایران کی کشتیوں کو تباہ کردیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ امریکا کے 2 بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزر گئے۔ توقع ہے کہ آبنائے ہرمز سے مزید بحری جہاز گزریں گے۔ ضرورت پڑی تو ایران پر دوبارہ حملوں بھی تیار ہیں۔ 

امریکی جنرل ڈین کین نے مزید کہا کہ ایران اس وقت راکھ میں چنگاری لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔ جس میں سب سے زیادہ تباہی خود ایران کی ہی ہوگی۔