حزب اللہ نے جدید ڈرون سے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنانے کی ویڈیو جاری کردی

حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں ایف پی وی ڈرون سے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا


ویب ڈیسک May 06, 2026
حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں ایف پی وی ڈرون سے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا

حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجیوں کے ایک ٹھکانے پر ایف پی وی (FPV) ڈرون کے ذریعے کیے گئے حملے کی ویڈیو جاری کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی جنوبی لبنان کے سرحدی علاقے میں کی گئی جہاں گزشتہ کئی مہینوں سے اسرائیلی افواج اور حزب اللہ کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری ہیں۔

حزب اللہ کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جدید سہولیات سے لیس ایف پی وی ڈرون نے سرحدی علاقے میں اُڑان بھری اور اسرائیلی فوج کی گاڑی کے قریب پہنچا جہاں سے اہلکار انخلا کر رہے تھے۔

ایف پی وی ڈرون نے بھاگتے ہوئے 3 اسرائیلی فوجیوں کا تعاقب کیا اور انھیں نشانہ بنایا۔ اس سے قبل ایسے ہی ایک واقعے میں ہیلی کاپٹر پر سوار ہوتے اسرائیلی فوجیوں کو بھی اسی ڈرون سے نشانہ بنایا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے کا مقصد اسرائیلی فوج کی پیش قدمی کو روکنا اور سرحدی علاقوں میں اپنی جوابی صلاحیت کا اظہار کرنا تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا حزب اللہ کے دعوے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماضی میں ایسے حملوں کے بارے میں اسرائیل اکثر کہتا رہا ہے کہ اس کے دفاعی نظام نے متعدد ڈرونز کو تباہ کر دیا تھا۔