کراچی، مختلف علاقوں میں فائرنگ، ایک شہری جاں بحق، دو زخمی

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، ریسکیو



کراچی:

شہر قائد میں گلشن اقبال بلاک 11 ارم اپارٹمنٹ میٹرو شاپنگ سینٹر کے قریب چائے کے ہوٹل پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ 

مقتول کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی ، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت 52 سالہ واجد کے نام سے کی گئی جسے سر پر گولی لگی تھی جبکہ زخمی ہونے والے 55 سالہ راجہ بشیر کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جس کی ٹانگ پر گولی لگی تھی۔ 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او گلستان جوہر نوید سومرو اور ایس ایچ او گلشن اقبال سعود موقع پر پہنچ گئے تاہم ایس ایچ او نوید سومرو نے بتایا کہ واقعہ گلشن تھانے کی حدود میں پیش آیا ہے۔ 

ایس ایچ او گلشن اقبال سعود نے بتایا کہ مقتول ہوٹل کے باہر زیر تعمیر بی آر ٹی پروجیکٹ پر رکھی گئی کرسی پر بیٹھا ہوا تھا جسے نامعلوم ملزمان نے عقب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اسے سر پر گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک موبائل فون ملا ہے جو کہ مقتول واجد کا ہے ، زخمی شخص مقتول کے ہمراہ موجود تھا جس سے پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔ 

مقتول واجد لیاقت آباد ڈاکخانے کا رہائشی تھا فائرنگ سے زخمی راجہ بشیر ریکروٹنگ ایجنٹ اور گلشن اقبال کا رہائشی ہے جو کہ ویزے لگانے کا کام کرتا ہے اور اس کا شارع فیصل نرسری کے قریب آفس بھی ہے۔

جبکہ مقتول واجد مضروب راجہ بشیر سے ملنے آیا تھا جس نے پولیس کو بتایا کہ وہ ہوٹل پر بیٹھے تھے کہ پہلے بھگدڑ مچی اس کے بعد فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں مجھے اور میرا ساتھ موجود واجد کو گولی لگی ۔

دوسری جانب سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی میں ندی کنارے فائرنگ کے ایک اور واقعے میں ایک شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔