آئی پی ایل میں ایک اور تنازع، راجستھان رائلز اور سوریاونشی کی مشکلات میں اضافہ

کچھ ماہرین کا اس معاملے پر ملا جلا ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے



تنازعات کی زد میں رہنے والی انڈین پریمیئر لیگ ایک اور تنازعے میں پھنس گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 15 سالہ ویبھو سوریاونشی کو آئی پی ایل میں کھلانے پر راجستھان رائلز پر چائلڈ لیبر کا الزام عائد ہوگیا ہے۔

ایک سماجی کارکن سی ایم شیوکمارنائک نے فرنچائز کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی دھمکی دی ہے، ان کا مؤقف ہے کہ 15 سالہ کھلاڑی کو پروفیشنل لیگ میں کھلانا ’چائلڈ لیبر‘ کے زمرے میں آتا ہے۔

ویبھو سوریاونشی حالیہ دنوں میں مختلف وجوہات کی بنا پر خبروں میں رہے ہیں۔

کبھی ان پر غیر پیشہ ورانہ رویے کے الزامات لگائے گئے تو کبھی ان کے بارے میں عجیب و غریب افواہیں سامنے آئیں، جن میں ان کے سامان میں کسی اے آئی چپ کی موجودگی جیسے دعوے بھی شامل تھے۔

تاہم تازہ تنازعہ براہِ راست ان کی عمر اور بنیادی حقوق سے متعلق ہے۔

کرکٹ حلقوں میں اس معاملے پر ملا جلا ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔

کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوان ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر مواقع دینا ضروری ہے، جبکہ دیگر کا خیال ہے کہ کم عمر کھلاڑیوں کو ایسے دباؤ سے بچانا چاہیے۔