پاکستان کو آئی ایم ایف سے 200 ملین ڈالر  ملنے کا امکان

پاکستان نے کلائمٹ ایکشن کے لیے مالی وسائل اور بجٹ ترجیحات پر اپنا مؤقف پیش کر دیا ہے



اسلام آباد:

پاکستان کو آئی ایم ایف کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی پروگرام کے تحت 200 ملین ڈالر ملنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق واشنگٹن میں ہونے والے عالمی مالیاتی اجلاسوں میں کلائمٹ فنانسنگ پر پیشرفت سامنے آ گئی ہے، جس کے بعد عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات پر زور بڑھ گیا ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان نے کلائمٹ ایکشن کے لیے مالی وسائل اور بجٹ ترجیحات پر اپنا مؤقف پیش کر دیا ہے اور ماحولیاتی  منصوبوں کے لیے بین الاقوامی مالی معاونت بڑھانے پر مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف بورڈ کا اہم اجلاس جمعہ کو متوقع ہے جس میں پاکستان سے متعلق اہم فیصلے کا امکان ہے۔

حکومت نے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی تعاون مزید تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس سلسلے میں قومی بجٹ اور وسائل کی تقسیم میں کلائمٹ پالیسی کو اہم ترجیح دینے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ  عالمی مالیاتی ادارے ترقی پذیر ممالک کے لیے ماحولیاتی فنڈنگ پر زور دے رہے ہیں۔