نشے میں ڈرائیونگ کرنا غیر ذمہ دارانہ اور احمقانہ فیصلہ تھا، ڈیوڈ وارنر

ایسٹر کے دن سڈنی میں روڈ سائیڈ ٹیسٹ کے دوران وارنر کا الکحل ٹیسٹ مثبت آیا تھا



سابق آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر نے اعتراف کیا ہے کہ نشے میں ڈرائیونگ کرنا غیر ذمہ دارانہ اور احمقانہ فیصلہ تھا۔

ڈیوڈ وارنر کے وکیل نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وارنر عدالت میں پیش نہیں ہوئے تاہم وہ بعد میں اپنا جرم قبول کر سکتے ہیں۔

پی ایس ایل فرنچائز کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کو دوران پی ایس ایل چند روز کی چھٹیوں پر آسٹریلیا میں شراب پی کر گاڑی چلانے کے الزام کا سامنا ہے۔

پولیس کے مطابق ایسٹر کے دن سڈنی میں روڈ سائیڈ ٹیسٹ کے دوران وارنر کا الکحل ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا جہاں ان کا بلڈ الکحل لیول قانونی حد سے دوگنا زیادہ ریکارڈ ہوا۔

39 سالہ کرکٹر پر مڈ رینج ڈرنک ڈرائیونگ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

وکیل نے بتایا کہ وارنر نے دوستوں کے ساتھ تین گلاس شراب پینے کے بعد گاڑی چلانے کا فیصلہ کیا حالانکہ وہ آن لائن ٹیکسی استعمال کر سکتے تھے۔

یہ معاملہ سڈنی تھنڈر کی قیادت پر بھی سوالات کھڑے کر رہا ہے۔

نیو ساؤتھ ویلز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ محفوظ ڈرائیونگ کی حمایت کرتے ہیں اور الزامات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔

وارنر کے خلاف کیس کی اگلی سماعت 24 جون کو ہوگی۔