پنجاب کے شہر گجرات میں خطرناک ملزمان کی فائرنگ سے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے اہلکار فیاض حسین شہید ہوگئے۔
سی سی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ گجرات میں خطرناک ملزمان کی جانب سے ریکی کے دوران اہلکار فیاض حسین پر فائرنگ کی گئی، ملزمان کی فائرنگ سے اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
ترجمان نے بتایا کہ سی سی ڈی اہلکار فیاض حسین کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری اسپتال اور موقع پر پہنچ گئی، بعد ازاں شہید اہلکار کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سی سی ڈی فائرنگ میں ملوث ملزمان کا تعاقب کر رہی ہے۔