کراچی:
شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
ترجمان ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق تھانہ مومن آباد کے علاقے سیکٹر 11-E میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ گرفتار زخمی ملزم کی شناخت باطن ولد عبدالرزاق کے نام سے ہوئی۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، چلیدہ خول اور نقدی رقم برآمد کرلی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ضلع سینٹرل عزیزآباد تھانے کی حدود غریب آباد پھاٹک کے قریب گرڈ اسٹیشن کے پاس پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلہ ہوا۔ ترجمان ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جس کی شناخت آصف ولد غلام محمد کے نام سے ہوئی۔
ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول بمعہ 3 زندہ راؤنڈز اور ایک 125 سی سی موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کو اسپتال منتقل کرکے اس کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔
دریں اثنا ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے تھانہ چاکیواڑہ کی حدود میں بھی مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت زبیر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ اس کے قبضے سے ایک پستول اور راؤنڈز برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو اسپتال منتقل کرکے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔