کراچی میں گھریلو تشدد، ہراسانی، زیادتی، اغوا اور دیگر جرائم میں اضافہ

سال رواں کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران گھریلو تشدد کی 297 شکایات درج ہوئیں، وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل


شاہ میر خان May 09, 2026

کراچی:

شہر قائد میں گھریلو تشدد، ہراسانی، زیادتی، اغوا اور دیگر جرائم میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل کراچی نے رواں سال کے 4 ماہ کی تشویشناک رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق گھریلو تشدد، ہراسانی، زیادتی، اغوا اور دیگر واقعات میں 18 سال سے زائد عمر کے 388 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ان واقعات سے متاثر ہونے والے 18 سال سے کم عمر افراد کی تعداد 10 رہی ہے۔

سال رواں کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران گھریلو تشدد کی 297 شکایات درج ہوئیں، جن میں سے  190 شکایات نمٹا دی گئیں جبکہ 100 درخواستیں التوا کا شکار ہیں۔

وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل کے مطابق گھریلو تشدد کے واقعات پر 3 مقدمات درج ہوئے۔ ان واقعات میں متاثرین کی بڑی تعداد نے قانونی مدد طلب کی ہے۔

ہراسانی کے مختلف واقعات کی 83 شکایات درج ہوئیں۔ پولیس نے 42 شکایات نمٹا دیں جبکہ 41 شکایات زیر التوا ہیں۔  ہراسانی کے واقعات پر ایک مقدمہ بھی درج ہوا۔ پروٹیکشن سیل نے بتایا کہ متاثرین کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں جن پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اسی طرح ریپ و دیگر دھمکیوں کی 19 شکایات موصول ہوئیں جس میں سے 9 شکایات نمٹا دی گئیں۔ زیادتی و دیگر دھمکیوں کی 10 شکایات اب بھی زیر التوا ہیں۔

وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل کی جانب سے جاری کردہ یہ رپورٹ شہر میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے سنگین صورتحال کی عکاسی کرتی ہے۔