لبنان کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس میں 19 افراد جاں بحق اور دو درجن کے قریب زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے تازہ حملے لبنان کے جنوبی علاقے کے قصبوں سکسکیہ، نباتیہ، سعدیات اور ميفدون میں کیئے جہاں خواتین اور بچوں تک کو نشانہ بنایا گیا۔
قصبے سکسکیہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق ہوئے جن میں ایک بچی بھی شامل ہے جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
اسی طرح نباتیہ میں ایک شامی شہری اور اس کی 12 سالہ بیٹی ڈرون حملے میں مارے گئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 5 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
لبنان کی حکومت نے اسرائیل پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔ حزب اللہ کا بھی کہنا ہے کہ اسرائیل مسلسل حملے کر رہا ہے جس میں معصوم شہری جان سے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے ٹھکانوں، اسلحہ گوداموں اور راکٹ لانچنگ مقامات کو نشانہ بنایا اور کسی شہری مقام پر حملہ نہیں کیا۔
ادھر حزب اللہ نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ جواب میں اس نے شمالی اسرائیل میں اسرائیلی فوجی اہداف پر ڈرون اور راکٹ حملے کیے۔
خیال رہے کہ امریکی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان اپریل میں ہونے والی جنگ بندی تاحال جاری ہے لیکن کے باوجود کشیدگی کم نہ ہوسکی۔
لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ مارچ سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 2 ہزار 700 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ لاکھوں شہری بے گھر ہوگئے ہیں۔