گرٹروڈ ایلیون ایک ایسی لڑکی جسے علم کے دروازے پر بار بار روکا گیا مگر اس نے ہمت نہیں ہاری اور بار بار دستک دیتی رہی۔ ایک نوجوان لڑکی جو تعلیم میں سب سے آگے تھی، جس کے خواب بڑے تھے اور جس کے ارادے مضبوط، عموماً ایسے انسان کے لیے آگے بڑھنا دشوار نہیں ہوتا۔
وہ دور الگ تھا، تب قابلیت سے پہلے جنس دیکھی جاتی تھی اور عورت ہونے کا مطلب تھا کہ آپ کو اپنی صلاحیت ثابت کرنے کے لیے دگنا نہیں بلکہ دس گنا زیادہ محنت کرنا ہوگی۔ یہی وہ دنیا تھی جس کا سامنا گرٹروڈ ایلیون نے کیا۔
اس نے اعلیٰ تعلیم کے لیے درخواستیں دیں امید اور اعتماد کے ساتھ۔ مگر ہر بار اسے یہ احساس دلایا گیا کہ وہ موزوں نہیں۔ اسے بارہا انکار کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کی ذہانت اور اس کی شناخت دونوں کو رد کیا گیا۔ سوال یہ نہیں تھا کہ وہ کیا جانتی ہے بلکہ یہ تھا کہ وہ کون ہے۔
وہ نہ تو لڑی نہ ہی اس نے کوئی سوال کیا بلکہ اس نے دن رات انتھک محنت کی تاکہ خود کو بہتر سے بہتر بناسکے۔ اسے معلوم تھا کہ راستہ کٹھن ہے اور منزل تک پہنچا آسان نہیں ہے مگر اس نے ہمت نہیں ہاری۔ وہ آہستہ آہستہ آگے بڑھتی رہی، کبھی جزوقتی کام کیا کبھی ایسا بھی ہوا کہ اسے اس کے کام کا معاوضہ نہیں ملا مگر وہ رکی نہیں بلکہ آگے اور آگے بڑھتی رہی۔
یہ بات قابل غور ہے کہ اس نے کبھی اپنے حالات کو بہانہ نہیں بنایا۔ اس نے کبھی شکایت نہیں کی بلکہ اس کی توجہ اس بات پہ رہی کہ وہ کیا کرسکتی ہے۔ اس نے کبھی اس بات کو دل سے نہیں لگایا کہ اسے روکا گیا یا اس کے لیے یہ سفر کٹھن تھا۔
وقت کے ساتھ حالات بدلے اور دنیا ایک بڑی جنگ میں داخل ہوگی اور سماجی ڈھانچے میں تبدیلی آنے لگی۔ وہ دروازے جو پہلے بند تھے عارضی طور پر کھلنے لگے۔ یہی وہ لمحہ تھا جس نے گرٹروڈ کو ایک موقع دیا، ایک ایسا موقع جس کے لیے وہ برسوں سے خود کو تیار کر رہی تھی۔
جب اسے ایک تحقیقی ادارے میں کام ملا تو اس نے خود کو صرف ایک ملازم کے طور پر محدود نہیں رکھا بلکہ اس نے سوال اٹھائے، نئے زاویے تلاش کیے اور پرانے طریقوں کو چیلنج کیا۔ اس نے اور اس کے ساتھیوں نے تحقیق کو ایک نیا رخ دیا، بیماری کو سمجھ کر علاج تیار کرنا نہ کہ اندھیرے میں تجربات کرتے رہنا۔
یہ سوچ بظاہر سادہ لگتی ہے مگر اس کے نتائج غیرمعمولی تھے۔ اس کے کام نے طب کے میدان میں ایک نئی راہ کھولی۔ وہ بیماریاں جو پہلے ناقابلِ علاج سمجھی جاتی تھیں ان کے لیے امید پیدا ہوئی۔ اس کی محنت نے نہ صرف سائنس کو آگے بڑھایا بلکہ لاکھوں انسانوں کی زندگیوں میں روشنی پیدا کی۔
وہ عورت جسے کبھی یہ کہا گیا تھا کہ وہ لیبارٹری کے قابل نہیں، وہ لیبارٹری میں ایسے کام کر رہی تھی جو پوری دنیا کے لیے مثال بن گئی۔ اس کے پاس وہ علم، وہ لگن اور وہ بصیرت تھی جو کسی بھی سند سے زیادہ اہم ہوتی ہے۔
جب اسے عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا اور اسے 1988 میں نوبل پرائز سے نوازا گیا، یہ اعزاز اسے اور اس کے ساتھی سائنٹسٹز George Hitchings اور James Black کو مشترکہ طور پہ دیا گیا۔ یہ اعزاز انھیں ادویات کی تیاری میں ایک انقلابی اور سائنسی طریقہ کار متعارف کرانے پر دیا گیا تھا۔ جسے Rational Drug Design کہا جاتا ہے۔
اس ریسرچ کی بدولت کئی نئی اور موثر دوائیں دریافت ہوئیں۔ یہ صرف ایک فرد کی کامیابی نہیں تھی، یہ اس سوچ کی شکست تھی جو قابلیت کو جنس کے پیمانے پر پرکھتی ہے۔ یہ اس بات کا اعلان تھا کہ علم کی کوئی جنس نہیں ہوتی اور ذہانت کسی ایک طبقے کی میراث نہیں۔
گرٹروڈ ایلیون کی کہانی ہمیں اپنے اردگرد دیکھنے پر مجبور کرتی ہے۔ کیا آج بھی ہم لوگوں کو ان کی صلاحیت کے بجائے ان کی شناخت کی بنیاد پر پرکھتے ہیں؟ کیا ہم نے واقعی وہ سبق سیکھ لیا ہے جو تاریخ ہمیں بار بار سکھانے کی کوشش کرتی رہی ہے۔
آج کے دور میں مواقع بظاہر زیادہ ہیں مگر تعصب کی شکل بدل گئی ہے۔ کبھی یہ براہ راست انکار کی صورت میں ہوتا تھا، آج یہ خاموش رکاوٹوں کی شکل میں سامنے آتا ہے۔ ایسے میں گرٹروڈ کی کہانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ اصل تبدیلی ذہن کے بدلنے سے آتی ہے۔
اس کی زندگی ہمیں ایک اور اہم سبق بھی دیتی ہے، کامیابی کا راستہ ہمیشہ سیدھا نہیں ہوتا۔ بعض اوقات وہ راستہ جو بند ہو جاتا ہے، ہمیں ایک بہتر راستے کی طرف لے جاتا ہے، اگر وہ روایتی تعلیمی نظام میں آگے بڑھ جاتی تو شاید وہ ایک عام سائنسدان بن کر رہ جاتی، مگر انکار نے اسے ایک غیرروایتی راستہ اختیار کرنے پر مجبور کیا اور یہی راستہ اسے عظمت تک لے گیا۔
گرٹروڈ کی کہانی ایک امید بھی ہے اور ایک سوال بھی۔ امید اس لیے کہ اگر ایک فرد اتنی رکاوٹوں کے باوجود دنیا بدل سکتا ہے تو اور بھی بہت کچھ ممکن ہے اور سوال اس لیے کہ ہم اپنے سماج میں کتنی ایسی صلاحیتوں کو ضایع کر رہے ہیں جو صرف موقع نہ ملنے کی وجہ سے سامنے نہیں آپاتیں۔
گرٹروڈ ایلیون نے یہ ثابت کیا کہ کامیابی کے لیے اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر انسان کے اندر سچائی، محنت اور عزم ہو تو وہ اپنے لیے راستہ خود بنا لیتا ہے۔ سب سے بڑی جیت یہ نہیں کہ ہمیں راستہ دیا جائے بلکہ یہ ہے کہ ہم خود راستہ بنا لیں اور پھر اس پر چل کر دنیا کو دکھا دیں کہ اصل رکاوٹ راستہ نہیں، سوچ ہوتی ہے۔