کراچی، پانی و بجلی بحران شدت اختیار کرگیا، مشتعل شہریوں کا سڑکوں پر احتجاج، ٹریفک جام

گزشتہ 21 دن سے علاقے میں پانی کی فراہمی بند ہے، شہری



کراچی:

شہر قائد کے کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی میں پانی اور بجلی کی طویل بندش کے خلاف علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے مشتعل مظاہرین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دی اور ٹائر نذرِ آتش کیے۔

مظاہرین نے حکومت اور متعلقہ اداروں کے خلاف شدید نعرے بازی کی جس کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

احتجاج میں شریک شہریوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ 21 دن سے علاقے میں پانی کی فراہمی بند ہے جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی معمول بن چکی ہے جس کے باعث روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پانی کی فراہمی بحال اور لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔