ریکو ڈک منصوبے پر اہم پیش رفت، بیرک کمپنی کا منصوبہ مکمل کرنے کا عزم

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور بیرک کمپنی کے چیئرمین جان تھارنٹن کی ملاقات


ضیغم نقوی May 10, 2026
(فوٹو: فائل)

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بیرک کمپنی کے چیئرمین جان تھارنٹن سے ملاقات کی جہاں ریکوڈک منصوبے پر اہم پیش رفت ہوئی اور کمپنی نے منصوبہ مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس حوالے سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور بیرک کے چیئرمین جان تھارنٹن کے درمیان ملاقات میں ریکوڈک میں جاری سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ریکوڈک کاپر گولڈ منصوبے کی تکمیل کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

جان تھارنٹن نے کہا کہ بیرک کمپنی ریکوڈک منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے پر عزم ہے، ریکو ڈک منصوبہ کے لیے حکومت پاکستان کی مسلسل سپورٹ کو سراہتے ہیں۔

 وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کی ایکسپورٹ اور معدنی شعبے کی ترقی کے لیے منصوبہ اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے، ریکوڈک پاکستانی معدنیات کے شعبے کے لیے فلیگ شپ منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریکوڈک سے سرمایہ کاری، روزگار اور ترقی کے مواقع بڑھیں گے۔