سیٹیزن پولیس لائزن کمیٹی (سی پی ایل سی) نے شہر قائد میں ماہ اپریل کے دوران ہونے والی جرائم کی وارداتوں کی تفصیلات جاری کردیں۔
ایکسپریس نیوز کو سی پی ایل سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار موصول ہوئے جس کے مطابق ماہ اپریل میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اپریل میں موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ دیکھا گیا، مارچ میں 1265 جبکہ اپریل میں 1624 موبائل فون چھننے کے کیسز رپورٹ ہوئے۔
اسی طرح موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتیں بڑھ گئیں، مارچ میں 440 جبکہ اپریل میں 469 موٹرسائیکلیں چھینی گئیں جبکہ گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا، مارچ میں 17 جبکہ اپریل میں 22 گاڑیاں چھینی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق موٹرسائیکل چوری کے واقعات میں کمی ہوئی، مارچ میں 3027 جبکہ اپریل میں 2723 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گاڑی چوری کے کیسز مارچ میں 140 اور اپریل میں 111 رپورٹ ہوئے۔
سی پی ایل سی کے مطابق قتل کے واقعات میں معمولی کمی ہوئی۔ مارچ میں 44 جبکہ اپریل میں 42 افراد قتل ہوئے۔ اسی طرح اغوا برائے تاوان کا 1 جبکہ بھتہ خوری کے 9 واقعات سامنے آئے۔