کراچی؛ حوالہ ہنڈی کے ذریعے ایک ارب روپے کی غیرقانونی لین دین میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے شہرکے علاقے خالد بن ولید روڈ پر ٹارگٹڈ کارروائی کی، ترجمان


آفتاب خان May 12, 2026
فوٹو: ایف آئی اے

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کمرشل بینکنگ سرکل نے خالد بن ولید روڈ پر کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ابتدائی فرانزک تجزیے میں ایک ارب روپے سےزائد کی غیرقانونی مالی لین دین کا انکشاف ہوا۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق کمرشل بینکنگ سرکل نے شہرکے علاقے خالد بن ولید روڈ پر ٹارگٹڈ کارروائی کی، جس کے دوران حوالہ ہنڈی میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے کی مسلسل نگرانی، انٹیلی جنس ورک اور خفیہ آپریشنزکے بعد بڑے نیٹ ورک تک رسائی ممکن ہوئی اور ابتدائی فرانزک تجزیے میں ایک ارب روپے سےزائد کی غیر قانونی مالی لین دین کا انکشاف ہوا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ حوالہ ہنڈی نیٹ ورک نے متعدد ممالک میں رقوم کی ترسیل کے مضبوط چینلز قائم کر رکھے تھے، ملائیشیا، جنوبی افریقہ، ترکیہ، چین، سنگاپور، انڈونیشیا، برطانیہ اور امریکا تک نیٹ ورک کی جڑیں پھیلی ہوئی تھی۔

ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے دیگر سہولت کاروں اور بیرون ملک روابط تک تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔