کراچی:
شہر قائد میں ملکہ منشیات انمول عرف پنکی کی گرفتاری کے معاملے میں ایف آئی آر میں غلط پتہ درج ہونے کے بعد نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے جس کے باعث بلال آرکیڈ کے رہائشیوں اور انتظامیہ میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی آر میں ملزمہ کو گارڈن ویسٹ بلال آرکیڈ فیز ٹو کے ایک فلیٹ سے گرفتار ظاہر کیا گیا تاہم حقیقت میں مذکورہ فلیٹ میں گزشتہ آٹھ سال سے ایک اور خاندان کرائے پر رہائش پذیر ہے۔
غلط ایڈریس کے اندراج کے بعد متاثرہ خاندان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ انمول عرف پنکی کو جانتے تک نہیں اور پولیس کی اس مبینہ غلطی کی وجہ سے انہیں شدید ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔
دوسری جانب بلال آرکیڈ کی یونین کے عہدیدار اور فلیٹ مالک سلیم احتجاجاً گارڈن تھانے پہنچ گئے۔ یونین عہدیدار کے مطابق پولیس نے ایف آئی آر میں درج غلط ایڈریس پر معذرت کر لی ہے۔
یونین کا کہنا ہے کہ پولیس حکام نے ہدایت کی ہے کہ میڈیا نمائندوں کو فلیٹ میں داخلے یا مکینوں سے بات چیت کی اجازت نہ دی جائے۔
مزید یہ کہ فلیٹ کے مالک نے وہاں رہائش پذیر فیملی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جگہ خالی کرنے کا بھی کہا ہے جس کے باعث متاثرہ خاندان مزید پریشانی کا شکار ہے۔
یونین عہدیدار نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس اس سنگین غلطی پر میڈیا کے سامنے باقاعدہ وضاحت اور معافی پیش کرے تاکہ رہائشیوں کی مشکلات کم ہو سکیں۔