سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر حملہ کرنے والا ملزم گرفتار، مقدمہ درج

گلشن اقبال بلاک 2 میں ملزم نے انسپکشن کے دوران فوڈ اتھارٹی کے عملے پر تشدد کیا، صوبائی وزیر کے نوٹس پر ایکشن ہوا



سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر تشدد کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گلشن بلاک 2 میں نمکو کی دکان پر سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے چھاپہ مار کر چیزوں کو چیک کیا تو اس دوران دکان پر بیٹھے افراد مشتعل ہوگئے جن میں سے ایک نے تشدد بھی کیا۔

فوڈ انسپیکشن کے دوران سندھ فوڈ اتھارٹی ٹیم پر تشدد کا صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے نوٹس لیتے ہوئے حملے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی۔

سندھ فوڈ اتھارٹی ٹیم پر تشدد میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

وزیرخوراک نے اپنے بیان میں کہا کہ فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کے دوران سرکاری ٹیم پر حملہ ناقابل برداشت ہے، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گی۔

فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے مطابق چھاپہ کے دوران مضرِ صحت اشیاء اور سنگین خلاف ورزیاں پائی گئی جبکہ انسپیکشن کے دوران زائد المیعاد اور خراب تیل کے استعمال کے شواہد سامنے آئے ہیں۔