کراچی:
ڈیفنس فیز ٹو اور اسٹیل ٹاؤن لنک روڈ پر ٹریفک حادثات میں دو دوستوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے فیز ٹو ڈیفنس لائبریری کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 لڑکے جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئیں، پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے لڑکوں کی شناخت 20 سالہ حمزہ ولد شکیل اور 22 سالہ سمیر ولد اقبال کے ناموں سے کی گئی۔
دونوں لڑکے ڈیفینس پی اینڈ ٹی کالونی کے رہائشی اور آپس میں دوست تھے جبکہ وہ قربانی کے جانور دیکھنے مویشی منڈی جا رہے تھے، حادثہ ٹریلر کی ٹکر سے پیش آیا تاہم ڈرائیور ٹریلر سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ملزم ڈرائیور کو بہت جلد ٹریلر سمیت پکڑ لیا جائے گا ، جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں۔
دوسری جانب اسٹیل ٹاؤن کے علاقے نیشنل ہائی وے سے متصل لنک روڈ بلوچ ہوٹل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 60 سالہ راہگیر جاں بحق ہوگیا، جاں بحق ہونے والے راہگیر کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے راہگیر کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش شناخت ورثا کے لیے چھیپا سردخانے منتقل کردی۔