کراچی؛ ایک کروڑ سے زائد مالیت کے 137 موبائل فون کی اسمگلنگ ناکام، ملزم گرفتار

کار خفیہ خانوں میں چھپا کر اسمگل کیے جانے والے 137 موبائل فونز میں 27 آئی فونز اور 110 اینڈرائیڈ موبائل شامل ہیں



کراچی:

سائٹ بی پولیس نے ایک کروڑ سے زائد مالیت کے قیمتی موبائل فون کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر کے 137 مہنگے فون برآمد کرلیے۔

ترجمان کے مطابق سائٹ بی پولیس نے نان کسٹم پیڈ موبائل فون کی اسمگلنگ کو ناکام بناتے ہوئے کرولا کار میں سوار ایک ملزم نعمت اللہ ولد حاجی لالا کو دفعہ 54 ض ف کے تحت گرفتار کر کے کار مختلف خفیہ خانوں میں چھپا کر اسمگل کیے جانے والے 137 موبائل فونز برآمد کرلیے جس میں 27 آئی فونز اور 110 اینڈرائیڈ موبائل فون شامل ہیں جن کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔

 ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق موبائل فون براستہ بلوچستان مسافر بس کے ذریعے اسمگل کر کے یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پہنچائے گئے تھے جہاں سے موبائل فونز کرولا کار کے ذریعے موبائل مارکیٹ منقتل کیے جا رہے تھے کہ پولیس نے کامیابی چھاپہ مار کارروائی کے لیے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

پولیس نے برآمد کیے جانے والے موبائل فونز اور گاڑی کو زیر دفعہ 550 ض ف کے تحت قبضہ پولیس میں لیکر مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دی۔