اسلام آباد:
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو ملک گیر شٹر ڈائون ،پہیہ جام ہوگا، سڑکیں بلاک کردیں گے، حکمران عوام کا خون نچوڑنا بند کریں۔ 18مئی کو پٹرولیم لیوی کو آئینی عدالت میں چیلنج کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد آب پارہ چوک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف بڑے احتجاج مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسلام آباد سے مہنگائی کے خلاف تحریک کا آغاز ہوگیا، ہفتہ کو چترال اور اس سے اگلے روز دیر پائیں میں تاریخی جلسے ہوں گے، ملک گیر ہڑتال اورپہیہ جام پر مشاورت کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، احتجاجی تحریک میں عید کے بعد مزید تیزی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اب تک پٹرولیم لیوی سے 8 ہزار 66 ارب اکٹھے کیے، اس میں سے سو ارب بھی پٹرولیم انفراسٹرکچر کی بہتری پر نہیں لگایا گیا، حکمران عوام سے ٹیکس وصول کرکے عیاشیاں کرتے ہیں اور آئی پی پیز مالکان کا پیٹ بھرتے ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ کچھ وزراء نے پٹرولیم کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا عندیہ دیا ہے، حکمران ایسا کرنے سے باز رہیں، ایسا نہ ہو کہ عوام کا غضب انہیں حسینہ واجد کی طرح بھاگنے کا موقع بھی نہ دے، انہوں نے کہاکہ وزیراعظم سینے پر پتھر رکھ کر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے ڈرامے بند کریں۔