کراچی:
اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روک کر کارکنوں کو حراست میں لے لیا، جن میں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 14 مئی کو ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی غزہ کے لیے امدادی مشن میں شامل ہو کر ترکیہ کے شہر مارماریس سے ’’فریڈم فلوٹیلا‘‘ کے ہمراہ غزہ روانہ ہوئے تھے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں سعد ایدھی کا کہنا تھا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا میں مختلف ممالک کے 500 سے زائد کارکن شریک ہیں جبکہ مشن 6 سے 7 روز میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا اور ایدھی فاؤنڈیشن کا مقصد غزہ کے متاثرین تک انسانی امداد پہنچانا ہے تاہم 4 روز کے بعد 18 مئی کو اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے صمود فلوٹیلا کو روک کر کارکنوں کو حراست میں لیا۔
حراست میں لیے جانے والوں میں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی بھی شامل ہیں۔