اسلام آباد:
بوتل بند پانی کے شعبے میں ٹیکس چوری روکنے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے ایف بی آر نے پیداوار پر سخت الیکٹرانک مانیٹرنگ نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیداواری عمل کی مکمل نگرانی کی جائے گی جبکہ سیلز ٹیکس کی درست وصولی یقینی بنانے کے لیے الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ایف بی آر نے تمام بوتل بند پانی کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ 15 جون 2026 تک سسٹم کی تنصیب مکمل کریں۔ نئے نظام کے تحت انڈسٹریل بارکوڈ اسکینرز، کاؤنٹنگ سینسرز اور آئی پی کیمرے نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ نیٹ ورک ویڈیو ریکارڈرز، پروگرام ایبل کنٹرولرز اور ایل ای ڈی ڈسپلے بھی لازمی ہوں گے۔ بلا تعطل بجلی فراہمی کا نظام بھی مانیٹرنگ سسٹم کا حصہ ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق خصوصی پروڈکشن مانیٹرنگ سافٹ ویئر کے ذریعے ڈیٹا براہ راست ایف بی آر کو منتقل ہوگا۔ رئیل ٹائم آبجیکٹ ڈیٹیکشن کے ذریعے بوتلوں کی خودکار گنتی ممکن بنائی جائے گی۔ یہ نظام پیداوار، رفتار اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری نشاندہی بھی کرے گا۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ تمام پیداواری ڈیٹا محفوظ کیا جائے گا اور قانونی کارروائی کے لیے ریکارڈ آرکائیو بھی رکھا جائے گا۔ ادارے کے مطابق ایف بی آر کی منظوری کے بغیر کوئی وینڈر سسٹم نصب نہیں کر سکے گا۔ اس سلسلے میں چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو کو فوکل پرسنز مقرر کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔