کراچی:
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے امدادی مشن کے دوران سعد ایدھی کی اسرائیل میں گرفتاری پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے رضاکاروں کو روکنا عالمی انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر سندھ نے کہا کہ سعد ایدھی اور ان کے ساتھی مظلوم فلسطینی عوام کے لیے خوراک، ادویات اور دیگر امدادی سامان لے کر جا رہے تھے ایسے فلاحی کارکنوں کی گرفتاری انسان دوستی کے جذبے کو دبانے کی ناکام کوشش ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور امدادی کارکنوں کی محفوظ رہائی یقینی بنائی جائے تاکہ انسانی امداد کی سرگرمیاں بلا رکاوٹ جاری رہ سکیں۔
سید محمد نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم انسانیت کی خدمت کرنے والے ہر فرد کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ فلسطینی عوام کی مدد کے لیے اٹھنے والی ہر آواز دراصل انسانیت کی آواز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن اور ایدھی خاندان نے ہمیشہ مذہب، رنگ اور نسل سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کی مثال قائم کی ہے۔
ان کے بقول انسانیت کی خدمت کا سفر رکاوٹوں سے نہیں رکتا بلکہ ایسے حالات اس جذبے کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔