امریکی شہر نیویارک میں 56 سالہ خاتون کھلے مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار گئیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ رات گئے پیش آیا جب خاتون اپنی مرسیڈیز بینز ایس یو وی پارک کرکے گاڑی سے باہر نکلیں۔
پولیس کے بقول خاتون جیسے ہی گاڑی سے اتریں، وہ سیدھا ایک کھلے مین ہول میں جاگریں جو تقریباً 10 فٹ سے بھی زیادہ گہرا تھا۔ کافی نیچے گرنے کے باعث وہ شدید زخمی ہوکر بے ہوش ہوگئیں۔
موقع پر پہنچنے والے ریسکیو اہلکاروں نے خاتون کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں ان کا علاج جاری تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
واقعے کی تحقیقات کرنے والی بجلی و گیس کمپنی نے بتایا کہ حادثے کے وقت علاقے میں کوئی تعمیراتی کام جاری نہیں تھا جب کہ مین ہول کا ڈھکن تقریباً 15 فٹ دور پڑا ہوا ملا۔
کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اس بات کی تصدیق پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں کہ ایک شہری کھلے مین ہول میں گرنے کے بعد جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم تحقیقات کررہے ہیں کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا۔ عوامی تحفظ اولین ترجیح ہے۔ متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
ادھر نیویارک پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کررہے ہیں تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ مین ہول کا ڈھکن کیوں غائب تھا اور حفاظتی انتظامات کیوں موجود نہیں تھے۔