ٹرمپ کا ایران پر حملے مؤخر کرکے مذاکرات کو مزید وقت دینا قابل ستائش ہے؛ سعودی عرب

صدر ٹرمپ کے بقول امریکا منگل کو ایران پر حملہ کرنے والا تھا لیکن خلیجی ممالک کی درخواست پر رک گیا


ویب ڈیسک May 20, 2026
سعودی عرب نے او آئی سی کے اجلاس میں گریٹر اسرائیل منصوبے کو مسترد کردیا

سعودی عرب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تحمل اور بردباری کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ تازہ حملوں کے بجائے مذاکرات کو فوقیت خوش آئند عمل ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر کی جانب سے ایران پر ممکنہ حملے مؤخر کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب اس اقدام کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کی جانب اہم پیش رفت سمجھتا ہے اور صدر ٹرمپ کے جذبہ خیرسگالی کو سراہتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ حملوں کو مؤخر کرنے سے مذاکرات کے لیے مزید وقت ملے گا اور سفارت کاری کو ایسا قابل قبول معاہدہ طے کرنے کا موقع ملے گا جو جنگ کے خاتمے، خطے میں امن کی بحالی اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی آزادی یقینی بنا سکے۔

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ایران پر بھی زور دیا کہ وہ مذاکرات کو آگے بڑھانے کی کوششوں کا فوری اور مثبت جواب دے تاکہ ایک جامع معاہدے تک پہنچا جا سکے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات ’’آخری مراحل‘‘ میں داخل ہو چکے ہیں، تاہم اگر تہران نے معاہدہ نہ کیا تو مزید کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔