نیتن یاہو ایران کیساتھ وہی کچھ کریں گے جو میں چاہوں گا؛ ٹرمپ کی نئی دھمکی

ٹرمپ نے ایران کیخلاف امریکی بحری ناکہ بندی کو اسٹیل کی دیوار قرار دیا اور کہا کوئی جہاز ایران تک نہیں پہنچ سکتا


ویب ڈیسک May 20, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو سخت دھمکی دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر معاہدے پر اتفاق نہ کیا تو نئے حملوں کے لیے تیار رہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو ایران کے ساتھ وہی کریں گے جیسا میں چاہوں گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے کسی بھی معاہدے کے لیے وہ جلدی میں نہیں ہیں۔ اگرچہ مذاکرات جاری ہیں تاہم ہر ممکن آپشن کھلا ہے۔

صدر ٹرمپ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ پیر کی شام ایران پر نئے حملوں کا حکم دینے سے صرف ایک گھنٹے دوری پر تھے لیکن سعودیہ، امارات اور قطر کی درخواست پر کارروائی مؤخر کر دی۔

اپنے ایک اور بیان میں صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی کو اسٹیل کی دیوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی جہاز ایرانی بندرگاہوں تک نہیں پہنچ سکتا۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی بحریہ نے متعدد جہازوں کو روک کر واپس بھیجا اور خبردار کیا کہ اگر کسی نے ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کی تو اس پر فائر کیا جائے گا۔

امریکی صدر نے اپنی گفتگو میں ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک جہاز کو امریکی کارروائی کے بعد واپس مڑنا پڑا تاہم انہوں نے اس واقعے کی کوئی تفصیل نہیں دی۔

دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا یا اسرائیل نے دوبارہ حملے کیے تو جنگ خطے سے باہر (خلیجی ممالک) تک پھیل سکتی ہے۔

ایرانی فوجی ترجمان نے کہا کہ دشمن کو ایسے مقامات پر تباہ کن جواب دیا جائے گا جن کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے۔