آئی ایم ایف کی پیٹرولیم لیوی مد میں 18 فیصد اضافے کی سفارش

اس وقت پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 108 روپے 17 پیسے مقرر ہے



اسلام آباد:

پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)مشن کے درمیان آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ اہداف بارے جاری مذاکرات کے لیے پاکستان میں موجود آئی ایم ایف مشن کے دورے میں دو روز کی توسیع ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور آئی ایم ایف میں بیشتر نکات پر اتفاق ہوچکا ہے۔   ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پیٹرولیم لیوی ہدف میں 18فیصد اضافے کی سفارش کردی اس وقت پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 108روپے 17پیسے مقرر ہے۔

ذرائع کے مطابق سپیشل اکنامک زونز کیلئے نئی ٹیکس چھوٹ نہ دینے جبکہ خصوصی اقتصادی و ٹیکنالوجی زونز کی مراعات 2035 تک مرحلہ وار  ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

صوبوں کو اضافی 430 ارب روپے ریونیو  جمع کرنیکاہدف دیا گیاہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے صوبوں سے وفاق کو تقریباً 2 ٹریلین روپے سرپلس دینے کا بھی مطالبہ ہے۔

ذرائع کے مطابق دسمبر 2026  تک ایف بی آر کا ششماہی ہدف 7022 ارب روپے رکھا گیا ہے۔ آئندہ مالی سال پاکستان کی بیرونی مالی ضروریات 21.2 ارب ڈالر  رہنے کا تخمینہ ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان کو 430 ارب روپے کے نئے ٹیکس اقدامات کی تجویز دیدی۔ آئندہ مالی سال میں معاشی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے جبکہ اوسط مہنگائی 8.4  فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ،آئی ایم ایف کا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں 5500 روپے اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی رقم 14,500 سے بڑھا کر 18 ہزار روپے کرنے پرعارضی طور پر اتفاق ہوگیا۔