انمول پنکی کے سہولت کاروں کے گرد پولیس نے گھیرا تنگ کردیا

ملزمہ نے دوران تفتیش منشیات سپلائی کرنے والے رائیڈرز کے نام بتائے تھے، پولیس


کورٹ رپورٹر May 21, 2026
فوٹو اسکرین گریپ

کراچی:

پولیس نے انمول عرف پنکی کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کردیا۔

منشیات ڈیلر کوکین کوئین انمول عرف پنکی کیس ہولت کاری کے معاملے میں کیس کی سماعت سٹی کورٹ(ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت ) کراچی میں ہوئی، جس میں پولیس نے ملزمہ کے قریبی ساتھی کی گرفتاری  اور تفتیش کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔

انمول عرف پنکی کی سہولت کاری  کے معاملے میں گارڈن اور درخشاں پولیس نے سہولت کار ملزم محمد سمیر کی مقدمات میں گرفتاری اور تفتیش کی عدالت سے باضابطہ اجازت مانگ لی ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسران کو ہدایت دی کہ ملزم محمد سمیر سے سینٹرل جیل جاکر تفتیش کی جائے۔

پولیس کے مطابق ملزم محمد سمیر جون 2021 میں درج چرس برآمدگی کے مقدمے میں گرفتار ہوا اور جیل میں ہے۔ ملزمہ انمول عرف پنکی  بھی جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے جس سے تفتیش کی گئی تو اس نے منشیات سپلائی کرنے والے رائیڈرز کے نام بھی بتائے ہیں۔

پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم محمد سمیر ملزمہ انمول عرف پنکی کا رائیڈر ہے۔ ملزم محمد سمیر موٹر سائیکل کے ذریعے منشیات سپلائی کرتا تھا اور منشیات کی مد میں ملنے والی رقوم بھی بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرتا تھا۔ ملزم محمد سمیر سے تفتیش درکار ہے، لہٰذا ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔

بعد ازاں  عدالت نے پولیس کو 2 مقدمات میں ملزم کی گرفتاری اور تفتیش کی اجازت دے دی  ہے۔