پاکستان کی ثالثی میں ایران مذاکرات؛ نیتن یاہو اور ٹرمپ کے درمیان تلخ کلامی

صدر ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے


ویب ڈیسک May 22, 2026
صدر ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے

امریکا اور اسرائیل کے درمیان ایران سے ممکنہ معاہدے کے معاملے پر اختلافات شدت اختیار کرگئے یہاں تک کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔ جس میں ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات پر تبادلہ خیال ہوا۔

امریکی میڈیا کے بقول صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کو بتایا کہ ثالثی میں شامل فریق ایک ایسے مسودۂ معاہدہ پر کام کر رہے ہیں جس میں امریکی اور ایرانی شرائط کو شامل کیا جا رہا ہے۔

جس پر اسرائیلی وزیراعظم شدید برہمی کا شکار ہوئے کیونکہ اسرائیل مسلسل اس بات پر زور دے رہا ہے کہ ایران کے جوہری اور میزائل پروگرام پر مکمل اور سخت پابندیاں عائد کی جائیں۔

اس موقع پر صدر ٹرمپ نے بھی اسرائیلی وزیراعظم کی سخت سرزنش کی اور دونوں رہنماؤں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا جب کہ گفتگو کا اختتام بھی تلخ کلامی پر ہی ہوا۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر اور وائٹ ہاؤس نے ان رپورٹس پر باضابطہ تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے تاہم یہ پہلی بار نہیں اس قبل غزہ کے معاملے پر بھی ایسا ہی ہوا تھا جب کہ مغربی کنارے پر بھی صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔