کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی پرو لیگ کا پہلا ٹائٹل جیت لیا

یہ النصر کا 2019 کے بعد پہلا سعودی پرو لیگ ٹائٹل ہے



سعودی پرو لیگ کے آخری مرحلے میں کرسٹیانو رونالڈو کی شاندار کارکردگی کی بدولت النصر نے داماک کو 1-4 سے شکست دے کر لیگ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

اس کامیابی کے ساتھ النصر نے 86 پوائنٹس حاصل کیے اور اپنے روایتی حریف الہلال کو دو پوائنٹس کے فرق سے پیچھے چھوڑ دیا۔

یہ النصر کا 2019 کے بعد پہلا سعودی پرو لیگ ٹائٹل ہے جبکہ رونالڈو کے لیے بھی سعودی عرب میں یہ پہلی لیگ کامیابی ثابت ہوئی۔

میچ میں پہلا گول 34ویں منٹ میں سادیو مانے نے جواو فیلکس کے کارنر پر شاندار ہیڈر کے ذریعے اسکور کیا۔

دوسرے ہاف میں کنگزلے کومان نے خوبصورت انفرادی کوشش کے بعد گیند جال میں پہنچا کر برتری دگنی کردی۔

داماک نے پنالٹی پر گول کرکے النصر کی برتری کم کی لیکن اس کے فوراً بعد رونالڈو نے دلکش فری کک کے ذریعے اسکور کر کے میچ پر دوبارہ گرفت مضبوط کر لی۔

81ویں منٹ میں رونالڈو نے ایک اور شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح اور ٹائٹل کو یقینی بنا دیا۔

میچ کے اختتام پر رونالڈو فرط جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور خوشی سے رو پڑے۔