دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو ایک ہی دن میں سب سے زیادہ کوہ پیماؤں نے سر کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
نیپال کے حکام کے مطابق بدھ کے روز 274 افراد نے نیپالی راستے سے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کی جو ایک دن میں چوٹی سر کرنے والے کوہ پیماؤں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
8849 میٹر بلند ایورسٹ نیپال اور چین کے تبت خطے کی سرحد پر واقع ہے اور اس پر دونوں اطراف سے چڑھائی کی جا سکتی ہے۔
تاہم رواں سال چینی حکام کی جانب سے اجازت نامے جاری نہ کیے جانے کے باعث تبتی راستے سے کوئی مہم روانہ نہیں ہوئی۔
نیپال کی ایکسپیڈیشن آپریٹرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل رشی بھنڈاری کے مطابق اس سے قبل 22 مئی 2019 کو 223 کوہ پیما نیپالی راستے سے چوٹی تک پہنچے تھے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق دونوں اطراف سے سب سے زیادہ 354 افراد نے 23 مئی 2019 کو ایورسٹ سر کیا تھا۔
نیپال نے اس سال ایورسٹ پر چڑھائی کے لیے 494 پرمٹ جاری کیے ہیں، جن کی فی کس قیمت 15 ہزار ڈالر ہے۔
ماہرین اکثر زیادہ تعداد میں اجازت نامے جاری کرنے پر تنقید کرتے ہیں کیونکہ اس سے خطرناک رش اور ’ڈیتھ زون‘ میں طویل قطاریں لگ جاتی ہیں۔
تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اب سخت قوانین اور اضافی حفاظتی اقدامات متعارف کرائے جا رہے ہیں۔