بلوچستان کے علاقے پشین میں واقعہ سرخاب کیمپ میں سی ٹی ڈی نے ایک کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے سرخاب کیمپ میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جانب سے ایک کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن میں فتنہ الخوارج کے چار خطرناک دہشت گرد ہلاک کر دیا گیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شدید مزاحمت کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔
سی ٹی ڈی نے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر مواد بھی برآمد کر کے قبضے میں لے لیا۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی کی گئی۔ اطلاع ملی تھی کہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے کچھ دہشت گرد پشین کے سرخاب کیمپ میں موجود ہیں اور وہاں سے سیکورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
اطلاع پر سی ٹی ڈی کی بھاری نفری نے علاقے کا گھیراؤ کیا۔ جیسے ہی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی تصدیق کی اور انہیں ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا، دہشت گردوں نے فوری طور پر فائرنگ شروع کر دی۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشین کے علاقے سرخاب کیمپ میں فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سی ٹی ڈی بلوچستان کو شاباش دیتے ہوئے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی بلوچستان نے موثر کارروائی کرکے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سی ٹی ڈی کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی بلوچستان کے بہادر سپوتوں پر قوم کو ناز ہے۔