لبنان؛ اسرائیل کی رہائشی عمارت پر حملے میں بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق

جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کے لبنان پر حملے جاری ہیں


ویب ڈیسک May 23, 2026

لبنان کے جنوبی علاقے میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حالیہ اسرائیلی بمباری لبنان میں جنگ بندی کے بعد سب سے مہلک حملوں میں شمار کی جا رہی ہے جہاں ایک ہی خاندان کے تین بچوں سمیت 5 افراد مارے گئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے کے بعد امدادی ٹیمیں، سول ڈیفنس اہلکار اور رضاکار ملبہ ہٹا کر مزید لاشوں اور زخمیوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی حملے میں رہائشی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ قریبی گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں شدت دیکھی جا رہی ہے جس میں شہری آبادی مسلسل متاثر ہو رہی ہے۔

لبنان کی وزارتِ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 10 افراد جاں بحق ہوئے جن میں چھ امدادی کارکن، ایک شامی بچی اور متعدد عام شہری شامل تھے۔

یاد رہے کہ لبنان میں مارچ 2026 سے جاری کشیدگی کے دوران اب تک 3 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں شہری بے گھر ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے عسکری ٹھکانوں اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا رہی ہے۔

تاہم لبنانی حکام اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا مؤقف ہے کہ حملوں میں مسلسل شہری علاقوں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔