کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مبینہ مقابلوں میں 5 زخمیوں سمیت 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔
چھیپا ذرائع کے مطابق اورنگی ٹاؤن فرنٹیئر کالونی میں چھوٹا قبرستان کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو زخمی ہوگیا۔
زخمی ملزم کی شناخت 20 سالہ عزیر ولد محمود الرحمان کے نام سے ہوئی جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ادھر لانڈھی داؤد چورنگی ریلوے پھاٹک کے قریب بھی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی ہوگیا۔
زخمی ملزم کی شناخت 35 سالہ اکبر علی ولد یار علی کے نام سے ہوئی ہے جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود میں فاسٹ یونیورسٹی کے قریب پولیس اور ڈکیت گینگ کے درمیان مبینہ مقابلہ پیش آیا۔
ملیر پولیس کے ترجمان کے مطابق دوطرفہ فائرنگ کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کا ساتھی بغیر زخمی ہوئے پکڑا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت عبداللہ شاہ اور عابد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول، ایمونیشن، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ برآمد اسلحہ فرانزک کے لیے روانہ کیا جا رہا ہے۔ موٹرسائیکل کا ریکارڈ بھی اے وی ایل سی حکام سے چیک کیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں رینجرز اور ایس آئی یو پولیس کے مشترکہ مقابلے میں بھی دو مبینہ ڈاکو زخمی ہوئے۔
چھیپا ذرائع کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت 25 سالہ عبداللہ ولد واحد بلوچ اور 30 سالہ عبدالسمیع ولد خورشید احمد کے نام سے ہوئی ہے جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔