قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلیے جامع منصوبے کا اعلان

اس سلسلے میں ’نیشنل ہاکی کوچنگ انیشیٹو 2026‘ کے تحت ملک گیر نیٹ ورک کا آغاز کیا جا رہا ہے


فوٹو: فائل

پاکستان میں قومی کھیل ہاکی کے کھوئے ہوئے وقار کو بحال کرنے اور اسے نچلی سطح (گراس روٹ لیول) سے دوبارہ کھڑا کرنے کے لیے ایک بڑے اور جامع منصوبے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ تمام اقدامات وزیراعظم پاکستان کے کھیل دوست ویژن کے عین مطابق اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی خصوصی سرپرستی اور قیادت میں کیے جا رہے ہیں۔

اس سلسلے میں ’نیشنل ہاکی کوچنگ انیشیٹو 2026‘ کے تحت ملک گیر نیٹ ورک کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کا مقصد کوچز کی پیشہ ورانہ تربیت، اسکولوں کو ہاکی کے سامان کی فراہمی اور انڈر 15 ٹیلنٹ کے لیے ایک پائیدار پائپ لائن بنانا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 ہفتوں پر مشتمل ایک ایلیٹ ٹریننگ پروگرام منعقد کیا جائے گا، جہاں جدید خطوط پر کوچز کو تربیت دی جائے گی۔ اس پروگرام سے فارغ التحصیل سرٹیفائیڈ کوچز کو ملک بھر کے مختلف اضلاع میں تعینات کیا جائے گا تاکہ وہ مقامی سطح پر ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی رہنمائی کر سکیں۔

آئی پی سی سیکرٹری و ڈی جی پی ایس بی ،صدر پی ایچ ایف محی الدین احمد وانی کی زیرِ نگرانی اس گراس روٹ پروگرام کے ثمرات کو سامنے لانے کے لیے رواں سال نومبر 2026 میں پہلی نیشنل انڈر 15 ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جہاں اضلاع سے ابھرنے والا نیا ٹیلنٹ قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائے گا۔

پی ایچ ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے ویژن اور فیڈریشن کی موجودہ قیادت کی مخلصانہ سرپرستی میں یہ وہ اصل اور پائیدار طریقہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنے قومی کھیل کو ایک بار پھر عروج پر پہنچا سکتے ہیں۔