کراچی:
ایس آئی یو کراچی نے آن لائن منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران دو کارروائیوں میں تین ملزمان کو گرفتار کرکے 19 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پہلی کارروائی لکڑی کے گودام اسلامی کانٹا کے قریب مچھر کالونی، تھانہ ڈاکس کی حدود میں کی گئی، چھاپے کے دوران دو بڑے آن لائن منشیات کے سپلائرز گرفتار ہوئے جن کی شناخت خانزادہ عرف پہلوان ولد عمر خطاب اور فضل ملک ولد امیر ملک کے نام سے ہوئی۔ گرفتار منشیات فروشوں کے قبضے سے 12 کلو 90 گرام چرس برآمد ہوئی۔
دوسری کارروائی سندھی جماعت کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، نیشنل ہائی وے کے قریب، تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن کی حدود میں کی گئی جس میں بدنام زمانہ منشیات فروش عطا الرحمان ولد عبدالرحمان کو گرفتار کرکے 7 کلو 135 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان آن لائن آرڈر لے کر منشیات سپلائی کرتے تھے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔