عیدالاضحی اور حج اسلامی تہذیب و فکر کی وہ عظیم علامتیں ہیں جو انسان کو صرف عبادت کا درس نہیں دیتیں بلکہ ایک ایسا مکمل ضابطہ حیات عطا کرتی ہیں جس میں انسانیت کی بقا، معاشرتی عدل، اخلاقی بلندی، عالمی اخوت اور پائیدار امن کا تصور موجود ہے۔ یہ عبادات اپنے اندر وہ فکری اور روحانی پیغام رکھتی ہیں جس کی آج کی مضطرب، جنگ زدہ اور تقسیم شدہ دنیا کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
جدید دنیا بظاہر ترقی کی بلندیوں پر پہنچ چکی ہے، سائنس اور ٹیکنالوجی نے فاصلے سمیٹ دیے ہیں، انسانی سہولتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے، مگر اس ترقی کے باوجود انسان اندرونی سکون، تحفظ اور حقیقی خوشی سے محروم دکھائی دیتا ہے۔ عالمی طاقتوں کی سیاسی کشمکش، معاشی استحصال، نسلی تعصب، مذہبی نفرت، دہشت گردی، ماحولیاتی بحران اور مسلسل جنگوں نے انسانیت کو خوف اور بے یقینی کے حصار میں جکڑ لیا ہے، ایسے ماحول میں حج اور عید قربان کا پیغام انسانیت کے لیے نئی روشنی بن کر سامنے آتا ہے۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام کی پوری زندگی اطاعت، ایثار اور قربانی کی عملی تصویر ہے۔ انھوں نے اپنے رب کے حکم کے سامنے ہر خواہش، ہر تعلق اور ہر ذاتی مفاد کو قربان کردیا۔ یہی وہ روح ہے جو عید قربان کے فلسفے کی بنیاد بنتی ہے۔ قربانی محض جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ انسان کے اندر موجود غرور، حسد، لالچ، نفرت، ظلم اور خودغرضی کو ختم کرنے کا عمل ہے، اگر انسان اپنی ذات کے اندر موجود منفی خواہشات کو قربان کرنے میں کامیاب ہوجائے تو معاشرہ امن، محبت اور انصاف کا گہوارہ بن سکتا ہے۔ آج دنیا کا سب سے بڑا المیہ یہی ہے کہ انسان نے مادی ترقی تو حاصل کرلی مگر اخلاقی قدریں کھودیں۔
طاقتور اقوام کمزور ممالک کے وسائل پر قبضہ کرنے کو اپنا حق سمجھتی ہیں، دولت چند ہاتھوں میں سمٹتی جارہی ہے اور محروم طبقات زندگی کی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہیں۔ قربانی کا اصل پیغام یہی ہے کہ انسان دوسروں کے درد کو محسوس کرے، اپنی خوشیوں میں غریب اور محتاج کو شریک کرے اور اپنی خواہشات سے بڑھ کر انسانیت کے مفاد کو ترجیح دے۔ حج انسانیت کے عالمی اتحاد کا سب سے عظیم مظہر ہے۔ دنیا کے مختلف رنگ، نسل، زبان اور ثقافت رکھنے والے لاکھوں افراد ایک ہی لباس میں، ایک ہی مقام پر، ایک ہی رب کے حضور حاضر ہوتے ہیں۔
وہاں نہ کوئی بادشاہ ہوتا ہے، نہ فقیر، نہ کسی نسل کی برتری باقی رہتی ہے اور نہ کسی قوم کی فوقیت۔ یہ منظر انسان کو یاد دلاتا ہے کہ پوری انسانیت ایک خاندان ہے اور انسان کی اصل پہچان اس کا کردار اور تقویٰ ہے، نہ کہ اس کی دولت، طاقت یا نسل۔ آج کی دنیا اس تصور سے بہت دور ہوچکی ہے۔ عالمی سیاست طاقت کے توازن کے بجائے طاقت کے غرور پر کھڑی ہے۔ کمزور ممالک پر معاشی پابندیاں عائد کی جاتی ہیں، ان کے سیاسی نظاموں میں مداخلت کی جاتی ہے اور انھیں جنگوں کی آگ میں دھکیل دیا جاتا ہے، اگر دنیا حج کے اس سبق کو سمجھ لے کہ تمام انسان برابر ہیں تو شاید عالمی استحصال کی بنیادیں کمزور پڑ جائیں۔
خطبہ حجۃ الوداع انسانی تاریخ کا وہ بے مثال منشور ہے جس نے صدیوں پہلے انسانیت کے بنیادی حقوق کا اعلان کیا۔ رسول اکرمﷺ نے واضح فرمایا کہ کسی عربی کو عجمی پر اور کسی گورے کو کالے پر کوئی فضیلت حاصل نہیں، برتری صرف تقویٰ اور کردار کی بنیاد پر ہے۔ آج بھی دنیا میں نسل پرستی مختلف شکلوں میں زندہ ہے۔ ترقی یافتہ معاشروں میں بھی رنگ، نسل اور مذہب کی بنیاد پر امتیاز موجود ہے۔ بعض طاقتور ممالک انسانی حقوق کے دعوے تو کرتے ہیں مگر جب مفادات کا سوال آئے تو وہی اصول پس پشت ڈال دیے جاتے ہیں۔ فلسطین کے نہتے بچوں پر بمباری ہو یا دنیا کے مختلف خطوں میں بے گناہ انسانوں کا قتل، عالمی ضمیر اکثر خاموش دکھائی دیتا ہے، یہی وہ دہرا معیار ہے جس نے دنیا میں بداعتمادی اور نفرت کو بڑھایا ہے۔
رسول اکرمﷺ نے اپنے تاریخی خطبے میں انسانی جان، مال اور عزت کو مقدس قرار دیا۔ آپﷺ نے فرمایا کہ کسی انسان کی جان لینا، اس کی عزت پامال کرنا اور اس کا مال ناحق چھیننا ایسا ہی گناہ ہے جیسے مقدس دنوں اور مقامات کی حرمت کو پامال کرنا۔ افسوس کہ موجودہ دنیا اس تعلیم سے سب سے زیادہ دور نظر آتی ہے۔ طاقتور ممالک اپنے مفادات کی جنگوں میں لاکھوں انسانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیتے ہیں۔ کہیں تیل کے ذخائر کے لیے جنگیں لڑی جاتی ہیں، کہیں سیاسی بالادستی کے لیے معصوم لوگوں کو قربان کیا جاتا ہے۔ افغانستان، عراق، شام، یمن، فلسطین اور کئی دیگر خطے اس ظلم کی زندہ داستان ہیں جہاں انسانیت مسلسل خون میں نہا رہی ہے۔ جنگوں نے لاکھوں بچوں کو یتیم، عورتوں کو بیوہ اور خاندانوں کو بے گھر کردیا، مگر عالمی طاقتوں کے مفادات کی سیاست ختم نہیں ہوئی۔دنیا اس وقت اسلحے کے انبار پر کھڑی ہے۔
ایٹمی ہتھیاروں سے لے کر جدید تباہ کن ٹیکنالوجی تک، ہر طاقتور ملک دوسرے سے زیادہ خطرناک ہتھیار بنانے کی دوڑ میں شامل ہے۔ دوسری طرف دنیا کے کروڑوں انسان بھوک، بیماری اور جہالت کا شکار ہیں۔ یہ کیسا عالمی نظام ہے جہاں ایک طرف خوراک ضایع کی جاتی ہے اور دوسری طرف انسان فاقوں سے مر رہے ہیں؟ حج اور قربانی انسان کو توازن، اعتدال اور اجتماعی ذمے داری کا شعور دیتے ہیں، اگر دنیا اسلحے پر خرچ ہونے والی دولت کا ایک حصہ بھی غربت، تعلیم اور صحت پر خرچ کرے تو انسانیت کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
خطبہ حجۃ الوداع میں عورتوں کے حقوق پر خصوصی زور دیا گیا۔ رسول اکرمﷺ نے فرمایا کہ عورتوں کے ساتھ حسن سلوک اختیار کرو کیونکہ وہ تمہاری ذمے داری ہیں۔ آج دنیا میں خواتین یا تو تشدد اور ناانصافی کا شکار ہیں یا پھر آزادی کے نام پر تجارتی استحصال کا ذریعہ بنادی گئی ہیں۔ اسلام نے عورت کو عزت، تحفظ اور معاشرتی مقام عطا کیا۔ ایک متوازن معاشرہ وہی ہوسکتا ہے جہاں مرد اور عورت دونوں کو انسانی وقار کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہو۔ موجودہ دنیا کو اس متوازن فکر کی شدید ضرورت ہے کیونکہ خاندانی نظام کے ٹوٹنے سے معاشرے اخلاقی بحران کا شکار ہورہے ہیں۔ عید قربان ہمیں معاشی مساوات کا بھی درس دیتی ہے۔ قربانی کا گوشت غریبوں اور ضرورت مندوں تک پہنچانا اس بات کی علامت ہے کہ معاشرے کا خوشحال طبقہ محروم افراد کو نظرانداز نہ کرے۔ آج عالمی معیشت چند بڑی طاقتوں اور کارپوریشنوں کے ہاتھوں میں قید ہوچکی ہے۔
غریب ممالک قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں جب کہ دولت مند قومیں مزید امیر ہورہی ہیں۔ اس معاشی عدم توازن نے دنیا میں بے چینی، جرائم اور انتہا پسندی کو جنم دیا ہے۔ جب ایک نوجوان کو روزگار، تعلیم اور عزت نہ ملے تو وہ مایوسی کا شکار ہوجاتا ہے۔ اسلام انسان کو محنت، دیانت اور انصاف پر مبنی معیشت کا تصور دیتا ہے جہاں دولت صرف چند ہاتھوں میں محدود نہ رہے۔دنیا میں مذہبی اور نسلی نفرت کا بڑھتا ہوا رجحان بھی ایک سنگین مسئلہ ہے۔ بعض سیاسی قوتیں اپنے مفادات کے لیے مذہب اور قومیت کو استعمال کررہی ہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ معاشرے تقسیم ہورہے ہیں اور انسان ایک دوسرے کے دشمن بنتے جارہے ہیں۔
خطبہ حجۃ الوداع انسانیت کو اتحاد، برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ اسلام نے اختلاف کے باوجود احترام کا راستہ سکھایا۔ اگر دنیا مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دے تو بہت سے تنازعات ختم ہوسکتے ہیں۔ماحولیاتی بحران بھی موجودہ دنیا کا ایک بڑا چیلنج ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات کی کٹائی، پانی کی قلت اور فضائی آلودگی نے انسانی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ماحول کو سب سے زیادہ نقصان پہنچانے والی طاقتیں ہی اکثر ذمے داری قبول کرنے سے گریز کرتی ہیں۔ اسلام انسان کو زمین کا محافظ قرار دیتا ہے۔ قربانی کا فلسفہ بھی اسراف اور لالچ سے بچنے کا درس دیتا ہے، اگر انسان حرص کے بجائے اعتدال اختیار کرے تو زمین کو تباہی سے بچایا جاسکتا ہے۔
دنیا کے مختلف خطوں میں پھیلتی ہوئی جنگیں اس حقیقت کا ثبوت ہیں کہ طاقت کے زور پر امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔ عراق اور افغانستان کی جنگوں نے ثابت کردیا کہ عسکری مداخلت مسائل کا حل نہیں بلکہ نئے بحرانوں کو جنم دیتی ہے۔ لاکھوں انسانوں کی جانیں ضایع ہوئیں، پورے شہر تباہ ہوگئے، مگر امن قائم نہ ہوسکا۔ یہی صورتحال فلسطین میں نظر آتی ہے جہاں دہائیوں سے ظلم جاری ہے، اگر عالمی برادری واقعی امن چاہتی ہے تو اسے انصاف پر مبنی پالیسی اپنانا ہوگی۔ صرف طاقتور کے مفاد کو ترجیح دینے والا نظام کبھی پائیدار امن نہیں دے سکتا۔ انسانیت آج ایک نازک دوراہے پر کھڑی ہے۔
ایک راستہ جنگ، نفرت، انتقام اور تباہی کی طرف جاتا ہے جب کہ دوسرا راستہ قربانی، رحم، انصاف اور بھائی چارے کی طرف۔ دنیا کو مزید جنگوں، نفرتوں اور تقسیم کی نہیں بلکہ امن، رواداری اور عالمی انصاف کی ضرورت ہے۔اگر خطبہ حجۃ الوداع کے اصولوں کو عالمی منشور کے طور پر اپنالیا جائے تو نسل پرستی، معاشی استحصال، جنگی جنون اور انسانی حقوق کی پامالی جیسے مسائل کم ہوسکتے ہیں۔ یہ خطبہ صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ اس میں انسانی مساوات، عورتوں کے حقوق، معاشی انصاف، جان و مال کے تحفظ اور عالمی اخوت کا ایسا جامع تصور موجود ہے جو آج بھی دنیا کو امن کا راستہ دکھاسکتا ہے۔