سابق ملکہ حسن اور ماڈل اداکارہ کی پُراسرار موت؛ جج ساس گرفتار

توئشا شرما کے شوہر پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہیں


ویب ڈیسک May 29, 2026
توئشا شرما کو جہیز نہ لانے پر جج ساس نے بیٹے کیساتھ ملکر قتل کیا

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں سابق ’’مس پونے‘‘ توئشا شرما کی پراسرار موت نے ملک بھر میں ہلچل مچا دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مرکزی تحقیقاتی ادارے (سی بی آئی) نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دینے والے اس کیس میں مقتولہ کی ساس، سابق جج گربیلہ سنگھ کو گرفتار کر لیا۔

خیال رہے کہ 33 سالہ توئشا شرما کی موت کو ابتدا میں خودکشی قرار دیا گیا تھا تاہم بعد میں جہیز نہ لانے پر طعنے، ہراسانی، گھریلو تشدد اور دباؤ کے شواہد ملے تھے۔

سی بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتاری سے قبل گربیلہ سنگھ سے کئی گھنٹوں تک تفصیلی پوچھ گچھ کی گئی۔ جس میں ڈیجیٹل شواہد، واٹس ایپ پیغامات، فارنزک تجزیے اور جائے وقوعہ سے متعلق معلومات کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ توئشا شرما پر حمل ضائع کروانے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا رہا جبکہ انھیں اپنے سسرال کی جانب سے مسلسل ذہنی اذیت اور ہراسانی کا سامنا بھی تھا۔

تفتیشی حکام نے مقتولہ کے جسم پر موجود متعدد زخموں اور چوٹوں کے نشانات کے بارے میں بھی سوالات اٹھائے ہیں جن کے بارے میں مقتولہ کے اہلِ خانہ کا مؤقف ہے کہ یہ زخم موت سے پہلے تشدد کے دوران لگے تھے۔

سی بی آئی کے مطابق مقتولہ کے شوہر سمارتھ سنگھ پہلے ہی عدالتی تحویل میں ہیں جبکہ گربیلہ سنگھ کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے ان کی قبل از گرفتاری ضمانت منسوخ کر دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق توئشا شرما نے اپنی وفات سے چند روز قبل اپنی والدہ کو متعدد پیغامات بھیجے تھے جن میں انہوں نے شادی کے بعد کی زندگی کو جہنم قرار دیا اور گھر واپس لے جانے کی درخواست کی تھی۔

توئشا شرما سابق مس پونے ہونے کے ساتھ ساتھ ایم بی اے گریجویٹ تھیں اور مارکیٹنگ و کمیونیکیشن کے شعبے سے وابستہ رہیں۔ فلمی دنیا میں بھی مختصر کام کر چکی تھیں۔