کراچی؛ شاپنگ سینٹر میں خوفناک آتشزدگی، کئی موٹر سائیکلیں جل کر تباہ، ویڈیو سامنے آگئی

2 فائر ٹینڈرز اور ایک واٹر باؤزر نے بروقت موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا، کولنگ کا عمل جاری



کراچی:

بفرزون کے علاقے میں شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی کے نتیجے میں کئی موٹر سائیکلیں جل کر تباہ ہو گئیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بفرزون میں واقع ارم شاپنگ سینٹر کے میزانائن فلور پر آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس کے باعث شاپنگ سینٹر کے کوریڈور میں موجود 2 دکانیں اور وہاں کھڑی متعدد موٹرسائیکلیں متاثر ہوئیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ بجھانے کے لیے 2 فائر ٹینڈرز اور ایک واٹر باؤزر موقع پر پہنچے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں 7 سے 8 موٹرسائیکلیں جل کر مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق شہریوں نے کوریڈور میں اپنی موٹرسائیکلیں کھڑی کر رکھی تھیں جو آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔ رضاکاروں نے کارروائی کے دوران لوہے کی جالی توڑ کر ایک بچی کو بحفاظت ریسکیو بھی کیا۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق آتشزدگی کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔