پشاور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کالعدم دہشت گرد تنظیم کے لیے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے الزام میں گرفتار 4 افراد کو جسمانی ریمانڈ پر محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حوالے کردیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں کالعدم دہشت گرد تنظیم کے لیے قربانی کی کھالیں اکھٹا کرنے کے الزام میں گرفتار چار افراد کو پیش کیا گیا جہاں اے ٹی سی جج ولی محمد خان نے چاروں ملزمان کو تفتیش کے لیے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالہ کردیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان میں ایک افغان مہاجر حضرت علی، محمد ادریس، مطیع اللہ اور امان رسول شامل ہیں، جن پر پشاور اور ضلع خیبر جمرود میں کالعدم تنظیم کے لیے کھالیں جمع کرنے کا الزام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ملزم محمد ادریس کے خلاف پشاور سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج ہے، باقی تینوں ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی خیبر میں الگ الگ مقدمہ درج ہے۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ چاروں ملزمان سے مزید تفتیش کی ضرورت ہے لہٰذا جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالہ کیا جائے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست پر چاروں ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی پشاور خیبر کے حوالہ کردیا۔