ہفتےکو شہرمیں معمول سےتیزسمندری ہوائیں چلیں جن کی رفتار 38 کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی جبکہ زیادہ سے زیادہ پارہ 36.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، 3روزکےدوران گرم ومرطوب موسم متوقع ہے۔
ہفتےکو شہرکا مطلع مجموعی طورپرگرم ومرطوب رہا، صبح کےوقت کم سے درجہ حرارت 29.8 ڈگری جبکہ ہوامیں نمی کا تناسب 79فیصد ریکارڈ ہوا، زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت گزشتہ روزکےمقابلے میں 0.5 ڈگری کمی سے36.6ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرمیں معمول سے تیزسمندرکی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چلیں، جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 38 کلومیٹر (21ناٹیکل مائل) فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سےجاری پیش گوئی کے مطابق آئندہ 3 روزکے دوران شہرمیں موسم گرم و مرطوب رہنے کی توقع ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 تا 37 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
صبح نمی کا تناسب 80 جبکہ شام کو 70 فیصد ریکارڈ ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں اصل درجہ حرارت سے کئی ڈگری زیادہ گرمی محسوس ہوسکتی ہے۔
آئندہ چند روز کے دوران سمندرکی جنوب مغربی ہوائیں مکمل فعال رہ سکتی ہیں، پیش گوئی میں مزید کہنا ہے کہ آج مزید دیہی سندھ کےمختلف اضلاع میں درمیانی سےشدید ہیٹ ویوکی صورتحال برقراررہنےکا امکان ہے۔
غیرمعمولی گرمی کی لہرکے زیراثر قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، دادو، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری جبکہ تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈومحمد خان، عمرکوٹ، میرپورخاص، جامشورو، سانگھڑ میں 44 تا47 ڈگری سینٹی گریڈ کےدرمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
شدید گرمی اورملک کےبالائی علاقوں میں مغربی ہواوں کی وجہ سے یکم جون کو قمبرشہداد کوٹ، دادو، میرپورخاص اور تھرپار کر کے اضلاع میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔