اسامہ میر کی شاندار بولنگ، ووسٹرشائرکو فتح سے ہمکنار کردیا

ووسٹر شائر ریپڈز نے ٹی20 بلاسٹ ٹورنامنٹ میں ورکشائر بیئرز کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا



پاکستانی لیگ اسپنر اسامہ میر کی عمدہ بولنگ کی بدولت ووسٹر شائر ریپڈز نے ٹی20 بلاسٹ ٹورنامنٹ میں مڈلینڈز ڈربی میچ میں ورکشائر بیئرز کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔

ووسٹر شائر نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، ورکشائر کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 141 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، راب یاٹس 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جارڈن تھامپسن نے 37 رنز بنائے، دونوں کے علاوہ دیگر کوئی بھی بیٹر 20 رنز کا ہندسہ عبور نہ کر سکا۔

پاکستانی اسپنر اسامہ میر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 3 اہم پلیئرز کو ٹھکانے لگایا، ٹام ٹیلر نے 17 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ووسٹر شائر نے 142 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں 4 وکٹیں کھو کر حاصل کر لیا، کاشف علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔

ووسٹر شائر ریپڈز کی یہ ابتدائی 3میچز میں دوسری فتح رہی، ورکشائر بیئرز کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا رہا، ان کی کوارٹر فائنل تک رسائی کی مہم مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔