پی ٹی آئی میں اختلافات سنگین ہوگئے، سہیل آفریدی اور علی امین گنڈاپور میں تکرار

جو ذمہ داریاں دی گئی ہیں ان پر فوکس کریں، عمران خان کے علاوہ ہم کسی اور کو نہیں مانتے، علی امین گنڈاپور


احتشام بشیر May 31, 2026
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا میں اختلاف کا معاملہ سنگین ہوگیا جہاں پارلیمانی گروپ کے واٹس ایپ گروپ میں وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی اور سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور میں لفظی تکرار ہوئی۔

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے گروپ میں وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کے میسج پر علی امین گنڈاپور نے جواب دیا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پارلیمانی گروپ میں کہا تھا کہ کچھ عناصر پارٹی کے اندر اور باہر حکومت کو کمزور کررہے ہیں، جس پر علی امین گنڈاپور نے جواب دیا کہ تم نام کیوں نہیں لیتے ’’اس کا، اس کی ‘‘ ڈائیلاگ کیوں مارتے ہو۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وزیراعلیٰ صاحب غداری اور وفاداری کے سرٹیفیکٹ بانٹںے کی اتھارٹی آپ نہیں، عمران خان کے ساتھ کون ہے اور کون نہیں باتوں سے نہیں عمل سے ثابت کریں۔

انہوں نے کہا کہ فیصلوں کا اختیار صرف عمران خان کے پاس ہے، چھپ چھپ کر ملاقاتیں آپ کرتے ہیں اور اس طرح کے خطاب کسی اور کو دے رہے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ جو ذمہ داریاں دی گئی ہیں ان پر فوکس کریں، عمران خان کے علاوہ ہم کسی اور کو نہیں مانتے۔